(ویب ڈیسک) جارح مزاج بلے باز احمد شہزاد نے بعض کھلاڑیوں پر ٹیم میں شمولیت کیلئے سوشل میڈیا پر مہم چلانے کا الزام عائد کردیا۔
مقامی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے احمد شہزاد نے سوال اٹھایا کہ لوگ شور مچا رہے ہیں کہ محمد حارث کو ٹی20 ورلڈکپ سکواڈ سے کیوں ڈراپ کیا گیا، اسکا بہت سیدھا جواب انہوں نے پرفارم نہیں کیا! اس وجہ سے وہ باہر ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ایک ففٹی کی بنیاد پر ٹیم میں منتخب کرلیا جاتا ہے جبکہ ڈومیسٹک میں پلیئرز 8 سے 10 سال تک انتظار کرتے ہیں کہ انکا قومی ٹیم کی نمائندگی کیلئے نام آئے گا۔
احمد شہزاد نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ محمد حارث کو ڈومیسٹک میں کسی ڈیپارٹمنٹ نے پِک نہیں کیا، یہاں لوگ سوشل میڈیا پر ورلڈکپ سکواڈ میں شامل کرنے کی کیمپین چلا رہے ہیں۔
انہوں نے حسن علی کی ورلڈکپ میں شمولیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہ کس پرفارمنس کی بنیاد پر ٹیم میں آئے، اظہر محمود، وہاب ریاض سے انکے تعلقات اچھے ہیں تو وہ سکواڈ کا حصہ بن گئے، اسی طرح حارث انجری سے واپس آکر ٹیم کیلئے منتخب ہوگئے نہ ڈومیسٹک کھیلا نہ کچھ!
پی ایس ایل کی بنیاد پر سلیکشن کرنی ہے تو ڈومیسٹک کرکٹ کو ختم کردینا چاہیے، شاہنواز دھانی، محمد علی پرفارم کرکے بھی سکواڈ سے باہر ہیں، کیوں؟
انہوں نے مزید کہا کہ جو پلیئرز ٹیم کا حصہ بننے کیلئے سوشل میڈیا پر مہم چلاتے ہیں وہ انکے خلاف بھی جاسکتی ہیں۔
واضح رہے کہ 5 سال سے قومی ٹیم میں کم بیک کی خواہش رکھنے والے احمد شہزاد ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل پرفارم کرنے کے باوجود پی ایس ایل میں جگہ نہیں بنا سکے تھے۔