(لاہور نیوز) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے آفیسر نے ایک اور عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا۔
ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق اقوام متحدہ کی ورلڈ یونین آن انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ڈاکٹر یاسر نیاز خان کو ڈبلیو ایس آئی ایس پرائز کیلئے منتخب کر لیا، ڈاکٹر یاسر نیاز خان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میں بطور چیف ٹیکنیکل آفیسر فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
دنیا بھر سے ایک ہزار 49 امیدواروں نے اپنے پراجیکٹس ایوارڈ کے لئے بھیجے، ڈاکٹر یاسر نیاز خان کے پراجیکٹ کو دنیا بھر میں سب سے زیادہ ووٹ ملے اور ایوارڈ کیلئے منتخب ہوئے۔
چیف ٹیکنیکل آفیسر پنجاب سیف سٹیز کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے استعمال سے زراعت کے شعبے میں اصلاحات پر منتخب کیا گیا ہے، ورلڈ سمٹ آن دی انفارمیشن سوسائٹی نے ڈاکٹر یاسر نیاز خان کو خصوصی پیغام کے ذریعے عالمی ایوارڈ کیلئے منتخب ہونے پر مبارکباد اور خراجِ تحسین پیش کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی اور سٹاف نے ڈاکٹر یاسر نیاز خان کو ایوارڈ کیلئے منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔
اتھارٹی ترجمان کے مطابق چیف ٹیکنیکل آفیسر پنجاب سیف سٹیز ڈاکٹر یاسر نیاز خان کو مئی کے آخری ہفتے میں جنیوا میں ایوارڈ دیا جائیگا۔