(ویب ڈیسک) جون میں امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونیوالے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان اگلے ماہ ہی کیا جائے گا، دورہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کیلئے ٹیم کا اعلان اسی ہفتے کردیا جائے گا۔
جون میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے ٹیموں کے عبوری سکواڈ دینے کیلئے یکم مئی کی تاریخ ہے لیکن حتمی سکواڈ کا اعلان 25 مئی تک کیا جاسکتا ہے اور پی سی بی اسی تاریخ کے آس پاس ورلڈکپ کے سکواڈ کا اعلان کرنےکا ارادہ رکھتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سکواڈ کو آئرلینڈ میں ہونیوالے تین ٹی ٹوئنٹی میچز کے دوران سکواڈ کو حتمی شکل دی جائے گی جس کے بعد 23 یا 24 مئی کو سکواڈ کے اعلان کا امکان ہے۔
دوسری جانب دورہ آئرلینڈ کیلئے 18 رکنی سکواڈ کا اعلان اگلے ایک دو روز میں ہونے کا امکان ہے۔
ٹیم میں حارث رؤف کی واپسی ہوسکتی ہے تاہم ان پر پی سی بی کو حتمی میڈیکل رپورٹ کا انتظار ہے جبکہ اعظم خان، محمد رضوان اور عرفان نیازی کی فٹنس پر بھی رپورٹس کا انتظار ہے تاکہ پلیئرز کے ورک لوڈ مینجمنٹ کا پلان ترتیب دیا جاسکے ۔