(لاہور نیوز) لاہور سمیت ملک بھر میں آج سے انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہورہا ہے جس میں 2 کروڑ 40 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب میں پولیو مہم کے 10 اضلاع میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان شامل ہیں جبکہ راجن پور، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان، میانوالی، شیخوپورہ اور اوکاڑہ بھی مہم کا حصہ ہوں گے، راولپنڈی، شیخوپورہ اور میانوالی میں مہم منتخب یونین کونسلوں میں منعقد کی جائے گی۔
کوآرڈینیٹر نیشنل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ نے کہا ہے کہ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں، ہائی رسک اضلاع میں باقاعدگی سے پولیو مہم کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
کوآرڈینیٹر نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سنٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے بتایا ہے کہ پولیو مہم میں چار لاکھ سے زائد پولیو ورکرز حصہ لیں گے ، ملک کے 91 اضلاع میں پولیو مہم کا انعقاد کیا جارہا ہے۔