(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں 6 رکنی ڈکیت گینگ نے شہر بھر میں پولیس کو چکرا کر رکھ دیا۔
موٹرسائیکلوں پر سوار چھ رکنی ڈکیت گینگ نے چند گھنٹوں میں 4 موٹر سائیکلیں، 4 موبائل فونز چھین لیے جبکہ ایک ہسپتال میں گھس کر 8افراد کو لوٹ لیا، وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز منظر عام پر آگئیں۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق راوی روڈ میں اس ڈکیت گینگ نے شہری علی حسن سے موٹر سائیکل چھین لی، اقبال ٹاؤن سے 3 موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔
شاہدره 25 نمبر سٹاپ پر نجی ہسپتال میں ڈکیتی کی بڑی واردات کی، ڈاکو موٹر سائیکلوں پر اسلحہ لیکر نجی ہسپتال میں زبرستی گھس گئے، ڈاکوؤں نے ہسپتال میں موجود مرد و خواتین کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنایا اور لوٹ مار کی، اس دوران ڈاکو مریضوں کا کھانا بھی کھاتے رہے۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ شہر بھر میں دھوم مچانے والے 6 رکنی ڈکیت گینگ کی جانب سے کی گئی چوریوں و ڈکیتیوں کے تمام واقعات کے مقدمات درج کر لئے گئے ہیں، جلد ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔