(ویب ڈیسک) پاکستانی گلوکار عاصم اظہر نے انسٹاگرام کی اچانک تمام پوسٹس ڈیلیٹ کرنے کی وجہ بتا دی۔
گلوکار و موسیقار عاصم اظہر نے اپنے کیریئر کی ایک دہائی مکمل کرنے کے بعد ایک نیا سفر اپنے ڈیبیو البم ’بے مطلب‘ کے ساتھ شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
عاصم اظہر نے فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک مختصر سی ویڈیو شیئر کی ہے ۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عاصم اظہر کچھ لکھنے میں مصروف ہیں اور ویڈیو کے عکس میں ان کا وائس اوور چل رہا ہے۔
عاصم اظہر کہتے ہیں کہ ’ کبھی کبھی میں بہت زیادہ سوچتا ہوں اور ہر وقت سوچتا ہوں، بچپن سے اسی سوچ میں 11 سال گزر گئے، سوال بڑھتے گئے، شاید جواب نہیں ملے لیکن آپ کی لوگوں کی محبت ملی‘۔
انہوں نے کہا کہ’ بنا کسی شرط کے آپ لوگوں نے محبت دی، زندگی کے اتنے سالوں میں بہت کچھ بدلا پر آپ کی مجھ سے محبت نہیں بدلی بلکہ یہ محبت بڑھتی چلی گئی، اور آخرکار مجھے 11 سال بعد یہ کہنے کی ہمت ملی کہ ’’میں عاصم اظہر ہوں‘‘ اور یہ میری سچائی ہے، بنا کسی شرط کے یہ ہے بے مطلب‘۔
مذکورہ پوسٹ شیئر کرتے ہوئے عاصم نے کیپشن میں لکھا ’ایک نیا سفر، ایک نئی شروعات‘ بے مطلب میرا ڈیبیو البم، ریلیز ہونے جا رہا ہے 1 مئی 2024 کو‘ ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عاصم اظہر کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے تمام پوسٹس ڈیلیٹ ہونے پر مداح شدید حیرت میں مبتلا ہوگئے تھے۔
گلوکار نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے اکاؤنٹ سے تمام پوسٹس اور فالوونگ یہ کہتے ہوئے حذف کردی تھیں کہ اپنا آپ پانے کے لیے، آپ کو سب سے پہلے اپنا آپ کھونا پڑتا ہے، اس پوسٹ کے بعد مداح پریشان ہوگئے تھے۔