(لاہور نیوز) پاکستان نیوزی لینڈ ٹی 20 سیریز کے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
شاہینوں نے 91 رنز کا ہدف 13 ویں اوور کی پہلی بال پر حاصل کر لیا، صائم ایوب 4 اور کپتان بابر اعظم 14 رنز بنا کر پویلین لوٹے، محمد رضوان 45 اور عثمان خان 18 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19 ویں اوورز میں 90 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، پاکستانی باؤلرز نے نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کو شروع میں ہی مشکلات کا شکار کر دیا، نیوزی لینڈ کے صرف 4 کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل ہو سکے۔
شاہین شاہ آفریدی نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، محمد عامر، شاداب خان اور ابرار احمد نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایک وکٹ نسیم شاہ کے حصے میں آئی۔
5 ٹی 20 میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے، واضح رہے کہ سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔