چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے عید کا دن بیورو میں ننھے بچوں کے ساتھ گزارا
(لاہور نیوز) چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور ایم پی اے سارہ احمد نے عید کا دن بیورو میں ننھے بچوں کے ساتھ گزارا۔
بیورو میں بچوں کے لئے عیدالفطر کی خوشیاں منانے کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے، چیئرپرسن و ایم پی اے سارہ احمد نے بچوں میں عیدی اور تحائف تقسیم کئے۔
بچوں کے لئے دہی بھلے، برگر، گول گپے، شوارما اور آئس کریم کے سٹال لگائے گئے، سارہ احمد نے بچوں کے ساتھ عید کا کیک بھی کاٹا۔اس موقع پر سارہ احمد نے کہا کہ ہر سال کی طرح تمام بچوں کو نئے جوتے اور کپڑے فراہم کئے گئے، کھانے، مہندی اور چوڑیوں کے سٹال لگائے گئے، اپنے اردگرد تمام لوگوں کو عید کی خوشیوں میں شامل کریں، اپنے فلسطینی اور کشمیری بہن بھائیوں کو بھی یاد رکھیں۔
سارہ احمد نے تشدد کا شکار رضوانہ سے بھی ملاقات کی، اس موقع پر ڈی جی چائلڈ پروٹیکشن بیورو آفتاب احمد خان، ڈائریکٹر ایڈمن، ڈائریکٹر پروگرام اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔