(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عید کے پرمسرت موقع پر فلسطینی اور کشمیری بہن بھائیوں کو یاد رکھیں۔
نماز عید الفطر کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کاکہنا تھا کہ جن کے پاس وسائل نہیں ان کو یاد رکھنا چاہیے، عہد کریں کہ دکھی انسانیت کے سر پر دست شفقت رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کو خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنانا ہے، آئیں اس ملک کو صحیح معنوں میں اسلامی مملکت بنائیں، قائداعظم اور علامہ اقبال کے ویژن کے مطابق پاکستان کو خوشحال و ترقی یافتہ ملک بنائیں۔
شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ عید کے موقع پر فلسطینی اور کشمیری بھائیوں کو یاد رکھیں، فلسطینی اور کشمیری بہن بھائی آج بھی ظلم برداشت کررہے ہیں، فلسطین میں بے گناہ لوگوں کا خون بہہ رہا ہے، فلسطینیوں پر جبر کو ختم کرنے کیلئے آئیں اپنی آواز اٹھائیں۔