(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کسانوں کو عید کا بڑا تحفہ دے دیا، پنجاب کی تاریخ کے سب سے بڑے زرعی پیکیج کا آغاز کر دیا گیا۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے تفصیلات جاری کر دیں، صوبائی وزیر زراعت عاشق کرمانی کے مطابق پہلی بار پنجاب کے کسانوں کو 2 سال کے اندر 300 ارب روپے کا بلاسود قرض دیا جائے گا، سبسڈیز، جدید مشینری وغیرہ کے ذریعے مزید 100 ارب روپے فراہم کئے جائیں گے۔
صوبائی وزیر زراعت عاشق کرمانی نے بتایا کہ پنجاب کے زرعی شعبے میں 400 ارب کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے، 5 لاکھ کسانوں کو ایک سال میں 150 ارب روپے بلاسود قرضے ملیں گے، ساڑھے 12 ایکڑ سے کم زمین والے کاشتکاروں کو نواز شریف کسان کارڈ ملیں گے، کسانوں کو 5 سے 20 کلو واٹ تک کا سولر سسٹم فراہم کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر زراعت عاشق کرمانی کے مطابق صوبے میں زرعی مراکز بنانے کا آغاز کیا جا رہا ہے جن میں ون ونڈو قائم ہوں گی، زرعی مراکز میں بینک قائم ہوں گے جہاں سے بلاسود قرض ملیں گے، اگلے دوسال میں 8 ہزار سرکاری کھالوں کو پختہ کیا جائے گا، بے روزگار زرعی گریجوایٹس کی خدمات فورس میں بھرتی شروع کی جا رہی ہے۔
صوبائی وزیر زراعت عاشق کرمانی نے مزید بتایا کہ زرعی یونیورسٹیوں کو مزید بہتر بنایا جائے گا، تحقیقی مراکز کی ازسرنو تشکیل ہو گی، 25 اضلاع میں الٹرا ساؤنڈ سمیت جدید سہولیات سے لیس موبائل ڈسپنسریاں شروع ہوں گی۔