(ویب ڈیسک) سینیئر اداکارہ صبا فیصل نے انکشاف کیا ہے کہ وہ شوبز کی دنیا میں قدم رکھنے سے پہلے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور اُن کی مرحومہ والدہ کلثوم نواز کے کپڑے سلائی کرتی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق حال ہی میں صبا فیصل نے ایک رمضان ٹرانسمیشن میں بطورِ مہمان شرکت کی تھی جہاں اداکارہ سے پوچھا گیا کہ اُنہوں نے کبھی کوئی کاروبار کیا ہے؟اس سوال کے جواب میں صبا فیصل نے کہا کہ میں شوبز میں قدم رکھنے سے پہلے لاہور میں اپنی کپڑوں کی فیکٹری چلا رہی تھی اور میں موجودہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور اُن کی مرحومہ والدہ کلثوم نواز کے کپڑے سلائی کرتی تھی۔
صبا فیصل نے کہا کہ میری فیکٹری بہت اچھی چل رہی تھی لیکن جب میں کراچی شفٹ ہوئی تو مجھے مجبوری میں اپنا یہ کاروبار بند کرنا پڑا۔اداکارہ نے کہا کہ چونکہ میرا کاروبار اچھا چل رہا تھا تو اسی لیے میں نے اسے بند کرنے کے بارے میں چھ ماہ تک سوچا اور پھر استخارے بھی کیے کیونکہ میں اس بڑے فیصلے میں اللہ تعالیٰ کی رضامندی چاہتی تھی۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ استخارے کے بعد، میں نے اپنی فیکٹری بند کی اور سب کچھ چھوڑ کر کراچی شفٹ ہوگئی تھی، شوبز میں آنے کے بعد مجھے کاروبار بند کرنے کا کوئی پچھتاوا نہیں ہوا۔