(ویب ڈیسک) مایہ ناز بیٹر بابراعظم کو ایک بار پھر پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی سونپ دی گئی، اس معاملے پر ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی سے سلیکٹرز کی ہونے والی گفتگو بھی سامنے آگئی۔
شاہین شاہ آفریدی کو قیادت سے ہٹانے کی اطلاعات کئی روز سے گردش میں تھیں لیکن حیران کن طور پر خود انہیں پی سی بی کے کسی آفیشل یا سلیکٹر نے آگاہ کرنا مناسب نہ سمجھا، البتہ میڈیا میں نشاندہی ہونے کے بعد اب یہ ’’فریضہ‘‘ پورا کر لیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ایک سلیکٹر نے شاہین سے کہا کہ ’’ہم کپتان کی تبدیلی کا سوچ رہے ہیں‘‘، پیسر نے وجہ پوچھی تو کوئی خاص جواب سامنے نہ آیا بلکہ یہ توجیہہ دی گئی کہ بیٹر بولر سے بہتر کپتان ثابت ہوتا ہے۔
شاہین آفریدی موجودہ صورتحال سے خاصے ناخوش ہیں، انہیں لگتا ہے کہ بغیر کسی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے، محض ایک سیریز کی بنیاد پر کپتانی سے ہٹانا ناانصافی ہوگی۔