(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے ایکس (سابقہ ٹویٹر) کی بندش کیخلاف درخواست پر سماعت عید الفطر کے بعد تک ملتوی کردی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شاہد بلال حسن نے صحافی شاکر محمود کی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ آئینی طور پر کسی شہری کی آزادی کو چھینا نہیں جاسکتا، ایکس کو بند کرنا آزادی اور بنیادی حقوق چھیننے کے مترادف ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت ایکس کی سروسز کی بندش کو کھولنے کا حکم دے۔
دوران سماعت پی ٹی اے کے جونیئر وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سینئر کونسل اسلام آباد ہائیکورٹ میں مصروف ہیں، استدعا ہے کیس کو انتظار میں رکھ لیں۔
بعدازاں عدالت نے وکلاء کے پیش نہ ہونے پر سوشل میڈیا ایپ ایکس (ٹویٹر) کی بندش کے خلاف دائر درخواست پر مزید سماعت عید کے بعد تک ملتوی کر دی۔