(لاہور نیوز) سینیٹ الیکشن کیلئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا آج سے آغاز ہوگیا۔
الیکشن کمیشن میں صبح 9 سے دوپہر 3 بجے تک کاغذات کی سکرونٹی کا عمل ہوگا، کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کل مکمل ہوگی۔
پنجاب میں سینیٹ کی 12 نشستوں پر 28 امیدوار میدان میں ہیں، 7 جنرل نشستوں پر 16 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے، خواتین کی 2 نشستوں پر 5، ٹیکنو کریٹ کی 2 نشستوں پر 4، اقلیتی نشست پر 3 امیدواروں کے کاغذات جمع کرائے گئے۔
خیبر پختونخوا میں سینیٹ کی 11 نشستوں پر 42 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے، 7 جنرل نشستوں پر 25 امیدوار میدان میں ہیں، ٹیکنو کریٹ کی 2 نشستوں پر 10، خواتین کی دو نشستوں پر 7 امیدواروں کے درمیان جوڑ پڑے گا۔
بلوچستان میں سینیٹ کی 11 نشستوں کیلئے 38 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے، بلوچستان میں سینیٹ کی 7 جنرل نشستوں پر 17 امیدوار میدان میں ہیں، ٹیکنو کریٹ کی 2 نشستوں کیلئے 13، خواتین کی 2 نشستوں پر 8 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو گا۔
سندھ میں سینیٹ کی 12 نشستوں پر 35 امیدوار میدان میں ہیں، 7 جنرل نشستوں پر 21 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے، ٹیکنو کریٹ کی 2 نشستوں پر 5، خواتین کی 2 نشستوں پر 6، اقلیتی نشست پر 3 امیدوار انتخابات میں حصہ لیں گے، اسلام آباد کی سینیٹ کی 2 نشستوں پر 4 امیدوار قسمت آزمائی کریں گے۔
21 مارچ کو کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں دائر ہوسکیں گی، ٹریبونل کی جانب سے اپیلوں پر فیصلے 25 مارچ تک صادر کئے جائیں گے۔
سینیٹ الیکشن کیلئے 2 اپریل کو پولنگ ہوگی، دیگر اسمبلیوں کی طرح پنجاب اسمبلی لاہور میں بھی صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک پولنگ ہوگی۔