سرکاری تعلیمی اداروں میں سائنس مضامین کے طلبہ کی رپورٹ، اساتذہ کی کارکردگی ناقص رہی
(لاہور نیوز) ملک بھر کے سرکاری تعلیمی اداروں میں چوتھی اور آٹھویں جماعت میں ریاضی اور سائنس مضامین کے طلبہ کی جائزہ رپورٹ2023ء کا اجراء ہو گیا۔
ڈائریکٹر جنرل پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن ڈاکٹر محمد شاہد سرویا اور کیمرج انٹرنیشنل اسیسمنٹ کی اسسٹنٹ مینیجر جارجیانا گلاسبے نے این اے ٹی نتائج کا اجراء کیا، وفاقی سیکرٹری تعلیم وسیم اجمل نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، ایک ہزار 283 تعلیمی اداروں کے 23 ہزار طلبہ کی اسیسمنٹ کی گئی، آٹھویں کلاس کے صرف 8 فیصد اور چہارم کلاس کے 17 فیصد طلبہ نے ریاضی کے جائزوں میں 75 فیصد یا اس سے زیادہ نمبر حاصل کئے۔
رپورٹ کے مطابق آٹھویں کلاس کے اساتذہ کی اکثریت نے گزشتہ دو سال میں ریاضی اور سائنس سے متعلق کوئی تربیت حاصل نہیں کی، کلاس چہارم کی سطح پر طلبہ ریاضی میں صرف 49 فیصد، انگریزی میں 56 فیصد ، اردو اور سندھی میں 68 فیصد سکور حاصل کر سکے۔
پاکستان نیشنل اچیومنٹ ٹیسٹ کے نتائج کے تجزیئے میں بنیادی وجہ اساتذہ کی ناقص کارکردگی ہے، اساتذہ نے ریاضی کے جائزوں میں سب سے کم نمبر حاصل کئے۔