(ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ درفشاں سلیم نے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے کی روداد سنا دی۔
حال ہی میں اداکارہ درفشاں سلیم نے ایک انٹرویو کے دوران جہاں مختلف موضوعات پر اظہار خیال کیا وہیں انہوں نے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے کی کہانی بھی سنا دی۔
انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے درفشاں سلیم کا کہنا تھا کہ میرے والد اداکار کاشف محمود کے بہت قریبی دوست ہیں اور اس انڈسٹری میں جگہ بنانے میں کاشف محمود نے میری بہت مدد کی۔
انہوں نے بتایا کہ کاشف محمود نے مجھے مختلف آڈیشنز دینے میں مدد دی اور ان آڈیشنز کی وجہ سے مجھے ڈرامہ سیریل 'دلربا' کا کردار آفر ہوا جو میں نے قبول کرلیا۔
درفشاں کا کہنا تھا کہ دلربا سے قبل مجھے کسی دوسرے چینل کیلئے ڈرامے میں کاسٹ کیا گیا تھا لیکن پھر وہ ڈرامہ مجھے نہیں ملا،پھر میں نے دلربا سے ڈیبیو کیا۔
اداکارہ نے اپنے والد کا نام بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ 'میں والد کا نام اس لیے نہیں بتاتی کیونکہ والدین کو نہیں پسند کہ میں ان کا نام استعمال کروں'۔
واضح رہے کہ ان دنوں درفشاں پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری پر راج کر رہی ہیں اور بے شمار پاکستانی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں،آج کل ان کا ڈرامہ"عشق مرشد"شہرت کی نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔