04 Mar 2024
(لاہور نیوز) انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور سے اے ایس پی شہر بانو نقوی نے ملاقات کی اور اچھرہ واقعہ سے متعلق آگاہ کیا۔
آئی جی پنجاب نے اچھرہ واقعہ میں اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر خاتون کی جان بچانے پر پوری پولیس ٹیم کو شاباش دی اور ایس پی ارتضیٰ کمیل، اے ایس پی شہربانو نقوی، ایس ایچ اوز، ڈولفن سکواڈ سمیت پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے متعلقہ افسران اور اہلکاروں کو ایوارڈز دینے کا اعلان کیا۔
انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ پولیس کی بروقت کارروائی، دانشمندانہ ہینڈلنگ سے ملک ایک بڑے سانحہ سے محفوظ رہا، بغیر تحقیق انتہا پسندانہ ردعمل ظاہر کرنے کے حوالے سے عوام کا شعور اجاگر ہوا۔
آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس ہر قسم کی شدت پسندی، توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ اور تشدد کرکے جان لینے کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔