(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں مفت ادویات کی فراہمی کا پلان طلب کرلیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں صوبہ بھر میں صحت کی سہولتوں کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے تمام بنیادی مراکز صحت اور رورل ہیلتھ سنٹرز کی مرحلہ وار ری ویمپنگ کی ہدایت کردی، مریم نواز نے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں مفت ادویات کی فراہمی کا پلان بھی طلب کرلیا۔
اجلاس میں ادویات کی ہوم ڈلیوری یکم مئی سے شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا، وزیر اعلیٰ نے پنجاب بھر میں پتھالوجی لیبز کا معیار بہتر بنانے کا حکم دیتے ہوئے تجاویز اور پلان بھی طلب کر لیا۔
مریم نواز نے سرکاری ہسپتالوں کے لئے سنٹرل پتھالوجی لیب بنانے کی تجاویز کا جائزہ لیا جبکہ 3 اضلاع میں میڈیکل سٹی بنانے کے لئے سفارشات اور تجاویز طلب کرلیں، وزیر اعلیٰ نے پنجاب بھر میں خالی، متروک اور بند پڑے ہسپتالوں کی عمارتوں کی فہرست بھی طلب کر لی۔
اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ مفت ادویات عوام کا حق ہے،میڈیسن دینے کا عہد پورا کریں گے، پسماندہ اور دور دراز شہروں کے لوگوں کا بھی طبی سہولتوں پر پورا حق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو طبی سہولتیں دینا کوئی احسان نہیں، احسان کرنے والا رویہ بدلنا ہوگا، ہیلتھ کارڈ کو ری ڈیزائن کرکے جلد فعال کر دیا جائے گا۔