(ویب ڈیسک) اسلام آباد یونائیٹڈ کے مڈل آرڈر بیٹر اعظم خان نے کہا ہے کہ ملک کیلئے کھیلنا ایک اعزاز ہے، مجھے جو موقع ملا میں اس کا فائدہ نہیں اٹھا سکا، دوبارہ موقع ملا تو بہتر کروں گا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم خان کا کہنا تھا کہ بیٹر کو ہر نمبر پر کھیلنا آنا چاہیے، ٹیم کو جہاں میری ضرورت ہوگی میں کھیلوں گا، اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے اگر پرفارم کروں گا اتنا ہی میرے لیے اچھا ہوگا، کوشش کروں گا کہ آئندہ میچز میں اپنے روایتی چھکے ماروں۔
انہوں نے کہا کہ نسیم شاہ ایک بڑا سپر سٹار ہے، تینوں بھائیوں کے ساتھ مزہ آ رہا ہے، اسلام آباد انجوائے کر رہی ہے،ایلکس ہیلز اہم کھلاڑی ہیں انہیں مس کریں گے، مارٹن گپٹل اچھے کھلاڑی ہیں ان کی وجہ سے اچھا کمبی نیشن بن جائے گا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹر نے مزید کہا کہ ہماری بولنگ اچھی ہے یہ اچھا ہے کہ ہماری غلطیاں جلد سامنے آ گئیں، پی ایس ایل پرائم ٹورنامنٹ ہے اس میں اچھا کرنے کا فائدہ ہوتا ہے، ابھی پی ایس ایل پر فوکس ہے مستقبل کے بارے میں زیادہ نہیں سوچتا تاہم آگے کھیلنا ہے تو فٹنس پر تو کام کرنا پڑے گا۔
اعظم خان کا کہنا تھا کہ میں اپنے سٹیٹس غور سے دیکھتا ہوں میں مڈل آرڈر میں دنیا کے بڑے بیٹرز کے درمیان کھڑا ہوں، والد سے ابھی بھی بات ہوتی ہے وہ ٹپس دیتے ہیں۔