سپیکر، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کا انتخاب آج، ملک احمد خان اور ظہیر اقبال مضبوط امیدوار
(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی کے نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا جس کے بعد سپیکر اور ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کا انتخاب آج ہو گا، مسلم لیگ (ن) کے ملک احمد خان اور ظہیر اقبال چنڑ عہدوں کیلئے مضبوط امیدوار ہیں۔
سیکرٹری پنجاب اسمبلی کے مطابق نئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب آج سہ پہر 4 بجے خفیہ رائے شماری سے ہو گا، سپیکر کیلئے مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ ملک محمد احمد خان اور سنی اتحاد کونسل کے احمد خان بھچر کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے۔
ڈپٹی سپیکر کے انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ ظہیر اقبال چنڑ اور سنی اتحاد کونسل کے معین ریاض مدمقابل ہوں گے، دونوں کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے۔
دوسری جانب سپیکر سبطین خان کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کا افتتاحی اجلاس ہوا جس میں نومنتخب ارکان اسمبلی نے حلف اٹھا لیا، 371 کے ایوان میں مریم نواز سمیت 321 ارکان سے سپیکر سبطین خان نے حلف لیا، سنی اتحاد کونسل کے میاں اسلم اقبال اجلاس میں نہ پہنچ سکے۔
(ن)لیگ کے 201، سنی اتحاد کونسل کے 98، پیپلز پارٹی کے 10، (ق) لیگ کے 9 اور آئی پی پی کے 3 اراکین اسمبلی نے حلف اٹھا لیا، 17 ممبران غیر حاضر رہے، ایک نشست پر الیکشن نہیں ہوا، 5 نشستیں خالی ہو گئیں جبکہ 27 ارکان اسمبلی کا مخصوص نشستوں پر نوٹیفکیشن نہیں ہوا۔