(ویب ڈیسک) بھارتی پنجابی فلموں کی نامور اداکارہ سونم باجوہ اور پاکستانی اداکار احسن خان کی جوڑی نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی۔
بے شمار بھارتی پنجابی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ سونم باجوہ قاتلانہ اداؤں کے باعث ناصرف نوجوان لڑکوں بلکہ لڑکیوں کے دلوں پر بھی راج کرتی ہیں۔
دوسری جانب احسن خان بھی اپنی اداکاری اور خوبصورتی کے سبب پاکستان شوبز انڈسٹری میں الگ پہچان رکھتے ہیں۔
دو مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے یہ دونوں سپر سٹارز معروف پاکستانی کلاتھنگ برانڈ کیلئے ایک ساتھ جلوہ گر ہوئے اور تشہیری مہم کا حصہ بن کر اس کی مقبولیت میں اضافہ کردیا۔
حال ہی میں سونم باجوہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں احسن خان کو ایک مصور دکھایا گیا ہے جو کسی سیاحتی مقام پر کھڑے ہیں اور انہیں دیکھ کر سونم باجوہ ان کے پاس جاتی ہیں اور اپنی پینٹنگ بنواتی ہیں۔
ویڈیو میں دونوں فنکاروں کو ساتھ گھومتے پھرتے اور رقص کرتے بھی دیکھا جاسکتا ہے اور اس دوران سونم باجوہ کلاتھنگ برانڈ کے مختلف دلکش ملبوسات پہنے نظر آئیں۔
سونم باجوہ اور احسن خان نے اس سے قبل کبھی ایک ساتھ کام نہیں کیا اور پہلی ہی مرتبہ میں یہ منفرد جوڑی سب کے دل جیتنے میں کامیاب ہو گئی، سوشل میڈیا صارفین جوڑی کو سب سے اعلیٰ اور اپنی نئی پسندیدہ جوڑی قرار دے رہے ہیں۔