(ویب ڈیسک) قومی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ اداکارہ ثنا جاوید کو ملتان سٹیڈیم آنا مہنگا پڑگیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک سے حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی اداکارہ ثنا جاوید پیر کو پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ میں اپنے شوہر شعیب ملک کو سپورٹ کرنے کیلئے ملتان کرکٹ سٹیڈیم آئی تھیں جہاں ان کو ایک ناخوشگوار واقعہ کا سامنا کرنا پڑا۔
میچ کے دوران سٹیڈیم میں موجود تماشائیوں نے ثنا جاوید کو دیکھ کر ’ثانیہ مرزا‘ کے نعرے لگائے جس پر ثنا جاوید کچھ پریشان نظر آئیں تاہم انہوں نے بظاہر خود کو قابو میں رکھا۔
سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیوز میں ثنا جاوید کو ثانیہ مرزا کے نعرے لگانے والے تماشائیوں کی طرف متوجہ ہوتے اور ہاتھ ہلاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
آل راؤنڈر شعیب ملک پی ایس ایل 9 میں کراچی کنگز کی طرف سے کھیل رہے ہیں۔ اپنے پہلے میچ میں انکی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم شعیب ملک نے ذاتی طور پر عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے نصف سنچری سکور کی تھی۔
واضح رہے کہ رواں سال 10 جنوری کو ثنا جاوید اور شعیب ملک نے ایک دوسرے سے شادی کی تصدیق کی تھی۔