(ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن انکوائری کمیٹی نے راولپنڈی ڈویژن کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کو طلب کر لیا۔
سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے الزامات کی تحقیقات کیلئے الیکشن کمیشن کی انکوائری کمیٹی کا پہلا اجلاس سینئر ممبر نثار درانی کی زیر صدارت ہوا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں راولپنڈی ڈویژن کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کو طلب کر لیا گیا، اس ضمن میں راولپنڈی ڈویژن کے تمام ڈی آر اوز اور ریٹرننگ افسران کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی آر اوز اور ریٹرننگ افسران کل سے انکوائری کمیٹی کے سامنے بیان قلمبند کروائیں گے، انکوائری کمیٹی اگلے 3 دن روزانہ کی بنیاد پر ڈی آر اوز اور ریٹرننگ افسران کے بیانات قلمبند کرے گی۔
انکوائری کمیٹی راولپنڈی کے ڈی آر اوز اور متعلقہ آر اوز کے اس سلسلہ میں بیانات قلمبند کر کے 3 دن میں اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن کو پیش کرے گی۔
واضح رہے کہ کمیٹی کی رپورٹ آنے کے بعد کمشنر راولپنڈی کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی اور قانونی چارہ جوئی کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔