17 Feb 2024
(ویب ڈیسک) اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کیخلاف فراڈ کیس میں فرد جرم کی کارروائی ایک بار پھر مؤخر کردی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ ڈاکٹر سہیل تھہیم نے مقدمہ کی سماعت کی، پولیس کی جانب سے فواد چودھری کو عدالت میں پیش نہ کیا جاسکا، عدالت نے سابق وفاقی وزیر کی عدم پیشی پر فردجرم کی کارروائی مؤخر کردی۔
عدالت نے فواد چودھری پر فرد جرم کیلئے 2 مارچ کی تاریخ مقرر کردی اور آئندہ سماعت پر ملزم کی حاضری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت بھی 2 مارچ تک کیلئے ملتوی کردی۔
واضح رہے سابق وفاقی وزیر فوادچودھری کے خلاف تھانہ آبپارہ میں50 لاکھ روپے فراڈ کا مقدمہ درج ہے۔