انتخابی نتائج کیخلاف پی ٹی آئی کا آج ملک گیر احتجاج، انتظامیہ کا اجازت دینے سے انکار
(لاہور نیوز) پاکستان تحریک انصاف آج الیکشن نتائج میں تاخیر اور دھاندلی کے خلاف ملک گیر احتجاج کرنے جا رہی ہے، اس حوالے سے باقاعدہ طور پر مختلف مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے 17 فروری آج (ہفتے) کے روز پنجاب کے مختلف علاقوں میں احتجاج کا اعلان کیا گیا تھا اسی حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کی جانب سے مقامات کا اعلان ایکس اکاؤنٹ پر کیا گیا۔
اپنی پوسٹ میں حماد اظہر کا کہنا تھا کہ سینٹرل پنجاب میں 10 مقامات پر احتجاج کیا جائے گا جن میں لاہور کے پریس کلب، قصور کے مسجد چوک، ننکانہ کے کچہری چوک، نارووال کے فیض احمد فیض پارک، گجرات کے جی ٹی ایس چوک، حافظ آباد کے پریس کلب، گوجرانوالہ کے نوشہرہ روڈ الراہی ہسپتال چوک، منڈی بہاؤالدین کے پریس کلب اور ملکوال چوک، شیخوپورہ صدر اور سیالکوٹ کے کچہری چوک پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔
شمالی پنجاب میں احتجاجی مقامات سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کے علاقے ایف 9 پارک، جہلم کے الیکشن کمیشن آفس، چکوال تلاگنگ کے پریس کلب، اٹک کے فوارہ چوک، خوشاب کے ڈی سی آفس، بھکر کے زیم والا تحصیل کلر کوٹ، سرگودھا کے قینچی موڑ اور میانوالی کے روکھڑی موڑ پر پی ٹی آئی ورکرز کی جانب سے احتجاج کیا جائے گا۔
جنوبی پنجاب کے مقامات سے متعلق حماد اظہر کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں پر امن احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے جس کے لیے نگانہ چوک ملتان، فرید گیٹ بہاول پور اور ٹریفک چوک ڈی جی خان کے مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے۔
انتظامیہ کا اجازت سے انکار
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کی اجازت کیلئے درخواست مسترد کر دی گئی۔
ضلعی انتظامیہ کا پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست موصول ہونے کے بعد کہنا ہے کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 کا نفاذ ہے جس کی وجہ سے وفاقی دارالحکومت میں کسی بھی سیاسی جماعت اور تنظیم کو احتجاج یا ریلی نکالنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔
اسلام آباد انتظامیہ نے وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہری کسی بھی سیاسی اجتماع کا حصہ بننے سے گریز کریں ورنہ اسلام آباد پولیس احتجاجی سرگرمی میں شریک افراد کے خلاف بھرپور کارروائی کرے گی۔