(لاہور نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور جے یو آئی نے اپنا اپنا بیانیہ دفن کر دیا، دیکھنا یہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور مولانا ایک دوسرے سے معافی نہ سہی معذرت کب کرتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ قدرت کا قانون ہے ہر چیز اپنی اصلیت پر آ جاتی ہے، مولانا کا صفایا خیبرپختونخوا میں ہوا، شور سندھ میں مچا رہے ہیں، مولانا قوم کو بتائیں کہ دھرنا کس کے کہنے پر شروع کیا اور کس کے حکم پر ختم کیا؟
انہوں نے کہا کہ بقول مولانا سابق حکومت کے خلاف عدم اعتماد جرنیلوں کے کہنے پر لائی گئی، مولانا یہ بھی بتائیں کہ حکومت کے خاتمہ کے بعد صورتحال میں سب سے زیادہ بینی فشری کون تھا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کس نے کس کس محکمہ میں کتنی کرپشن کی اور ریاستی وسائل کی لوٹ مار کی، اس کی حقیقت بھی بتائیں، ٹانک سے مولانا کا بیٹا جیت جاتا تو ان کا بیان ہوتا سسٹم چلتا رہے ہم حکومت کے اتحادی ہوں گے۔
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ چونکہ اب بیٹا اسمبلی میں نہیں تو مولانا سابق 16 ماہ اتحادی حکومت میں ملنے والی غیبی امداد کو رکتا دیکھ کر غضب ناک ہو رہے ہیں۔