(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ وفاق میں حکومت سازی کیلئے پی ٹی آئی ایک اور یوٹرن لے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے سیاسی برادری پرپے درپے حملے کرنے کی بجائے مکالمہ کیا ہوتا تو آج یہ دن نہ آتا، سیاسی بگاڑ اور رسہ کشی کے سب سے بڑے بینفشری اور ذمہ دار خود بانی پی ٹی آئی ہیں۔
لیگی رہنما نے کہا کہ وفاق میں حکومت سازی کیلئے مولانا فضل الرحمان کے بعد پی ٹی آئی بہت جلد زرداری صاحب کے درِ دولت پر حاضری دے کر ایک اور یوٹرن لے گی۔
ایک اور پیغام میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ جناب مولانا فضل الرحمان جید عالم دین اور رکھ رکھاؤ کے حامل بہادر دانشمند سیاسی رہنما ہیں، ان کے مؤقف سے اختلاف کیا جاسکتا ہے احترام سے نہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے مولانا کی بہت تضحیک کی، بہتان لگائے اور گالیاں دیں، آخر کار پی ٹی آئی قیادت کو ان کے درِدولت پر حاضر ہونا ہی پڑا، ہر کہی بات منہ پر ہی آتی ہے، سو اسی قدر کہا جائے جتنا برداشت کرسکیں۔