جماعت اسلامی کا انتخابی دھاندلی کیخلاف جمعہ کو اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان
(لاہور نیوز) جماعت اسلامی نے انتخابی دھاندلی کیخلاف جمعہ کو اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔
اپنے ایک بیان میں ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ الیکشن کا انعقاد پرامن ہوا تاہم رات کو نتائج روک کر بڑے پیمانے پر دھاندلی کی گئی، معاملات الیکشن کمیشن کی بجائے کہیں اور سے کنٹرول ہورہے ہیں، یہ معاملہ صرف جیت اور ہار کا نہیں ووٹ کے تقدس کا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بڑے پیمانے پر دھاندلی کے باوجود الیکشن کمیشن خاموش ہے، جماعت اسلامی انتخابی دھاندلی کے خلاف جمعہ کو اسلام آباد میں دھرنا دے گی، تمام حلقوں میں ہونے والی دھاندلی سے متعلق شکایات الیکشن کمیشن کو جمع کروائیں گے، نگران حکومت ڈھٹائی سے الیکشن کمیشن کو تحفظ فراہم کررہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ نگران حکومت دھاندلی کے مسئلے پر چیف جسٹس کے ذریعے عدالتی کمیشن تشکیل دے ، مجوزہ عدالتی کمیشن سے تمام سٹیک ہولڈرز رجوع کرسکتے ہیں، عدالتی کمیشن کی کارروائی کو لائیو نشر کیا جائے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کراچی میں جماعت اسلامی کا مینڈیٹ چوری ہوا، کے پی میں ہمارے امیدواروں کو دھاندلی کے ذریعے ہروایا گیا، جیتی ہوئی سیٹیں ہروانے کی کوشش کی جا رہی ہے ، اپنے حق کو بچانے کے لیے تمام آئینی اور قانونی راستے اختیار کریں گے، ملک کو آگے لے جانے کے لیے ضروری ہے کہ دھاندلی کی شکایات کا فی الفور ازالہ کیا جائے۔