(لاہور نیوز) جماعت اسلامی کے رہنما امیر العظیم کا کہنا ہے کہ الیکشن میں دھاندلی نہیں بلکہ جُھرلو پھیرا گیا ہے۔
امیر العظیم نے منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی اور دیر سمیت دیگر علاقوں سے جماعت اسلامی کی سیٹیں چھینی گئیں، دھاندلی پر نگران حکومت ڈھٹائی سے الیکشن کمیشن کی صفائی پیش کرتی رہی۔
امیر العظیم نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر فی الفور استعفی دیں وگرنہ جماعت اسلامی 16 فروری کو اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنا دے گی، مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو 17 فروری کے بعد اگلا لائحہ عمل طے کریں گے، حکومت انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے لئے عدالتی کمیشن بنائے۔
امیر العظیم نے بتایا کہ جماعت کی مجلس شوریٰ 17 فروری کو عبوری امیر کا اعلان کرے گی یا پھر سراج الحق کو امیر کے طور پر کام جاری رکھنے کا کہہ سکتی ہے، سراج الحق مجھ سے مشورہ کرتے تو انہیں استعفیٰ نہ دینے کا کہتا۔