(ویب ڈیسک) ادارہ شماریات نے کہا ہے کہ پاکستان کی ساتویں زراعت شماری میں پہلی بار جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔
ادارہ شماریات کے حکام کے مطابق ممبر ایس ایس/ آر ایم محمد سرور گوندل کی زیر صدارت پی بی ایس ہیڈ آفس میں ایک اہم اجلاس میں ساتویں زراعت شماری کی منصوبہ بندی کا تفصیلی جائزہ اور مہم کی کامیابی کیلئے پی بی ایس اور ضلعی حکومتوں کے کردار، ضلعی حکومتوں کی فراہم کردہ شمارکنندہ اور سپروائزرز کی فہرستوں، بگ ہولڈنگز (این سی ایچ) کو اپ ڈیٹ کرنے، بجٹ امور اور سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
حکام کے مطابق ملک میں پہلی بار جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے زراعت شماری کی جائے گی،یہ قومی مشق زرعی زمینوں، فصلوں، لائیو سٹاک،زرعی مشینری سے متعلق جامع معلومات کے حصول اور شعبہ زراعت میں موثر فیصلہ سازی میں معاونت کرے گی۔
اس ملک گیر مہم کو کامیاب بنانے کیلئے پی بی ایس ہیڈ آفس ، صوبائی اور ریجنل دفاتر کی ہر مرحلے میں موثر شمولیت ضروری اور اس کیلئے باقاعدگی سے اجلاس منعقد کئے جا رہے ہیں جن میں ہیڈ آفس سے زراعت شماری پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کی کور ٹیم اور صوبائی انچارج آن لائن شرکت کرتے ہیں۔