(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے امیدواروں کو انتخابی مہم چلانے کی اجازت کے لیے درخواست پر وفاق و صوبائی حکومتوں سے جواب طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں انتخابی مہم کے دوران رکاوٹوں کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس شہرام سرور چودھری نے زمان خان وردگ ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ عام انتخابات کے موقع پر پی ٹی آئی کے امیدواروں کو ناجائز تنگ اور ہراساں کیا جا رہا ہے، الیکشن مہم چلانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت پی ٹی آئی کے امیدواروں کو ناجائز تنگ اور ہراساں کرنے سے روکے،لاہور ہائیکورٹ امیدواروں کو الیکشن مہم چلانے کی اجازت دے۔
عدالت نے معاملے پر وفاق اور صوبائی حکومتوں سےآئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا، سرکاری وکلا نے جواب داخل کرانے کے لیے مہلت طلب کی۔
بعدازاں عدالت نے سرکاری وکلا کی استدعا منظور کرلی اور جواب داخل کرانے کی مہلت دیتے ہوئے درخواست پر مزید سماعت 6 فروری تک ملتوی کردی۔