(ویب ڈیسک) برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار زین ملک کے پاکستان آنے کا اشارہ دے دیا۔
رپورٹ کےمطابق جین میریٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر بی بی سی کا ایک مضمون پوسٹ کیا جس میں برطانوی گلوکار زین کے پاکستانی بینڈ ‘اور’ کے ساتھ کام کرنے پر روشنی ڈالی گئی۔یہ مضمون پوسٹ کرتے ہوئے جین میریٹ نےعالمی شہرت یافتہ گلوکار زین ملک کےپاکستان کا دورہ کرنے کی طرف واضح اشارہ دیا۔
برطانوی ہائی کمشنر نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ آپ کے پاکستان کے دورے کی منصوبہ بندی کرنے کا وقت آگیا ہے، زین ملک اور بینڈ ‘اور’ کا تعاون سب کو بہت پسند آیا۔واضح رہے کہ پاکستانی میوزک بینڈ ’اور‘ نے سال 2023 میں 10 جون کو گانا ’تو ہے کہاں‘ ریلیز کیا تھا جو پاکستان سمیت بھارت میں بھی کافی مقبول ہوا، اس گانے کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے نوجوان گلوکاروں نے اس گانے کا اپڈیٹڈ ورژن بنانے کا سوچا ہے۔