(لاہور نیوز) سیاسی جماعتوں سے انتخابی نشان واپس لینے کے قانون کے خلاف درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن سے جواب طلب کر لیا۔
سیاسی جماعتوں سے انتخابی نشان واپس لینے کے قانون کے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن کا کسی جماعت سے انتخابی نشان واپس لینے کا اختیار آئین کے منافی ہے، الیکشن ایکٹ کی شق 215 آئین اور بنیادی حقوق کے خلاف ہے، سپریم کورٹ قرار دے چکی ہے کہ پارٹی الیکشن کا عام انتخابات پر کوئی اثر نہیں ہو سکتا۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت الیکشن ایکٹ کی شق 215 کو کالعدم قرار دے، عدالت الیکشن کمیشن کے پی ٹی آئی سے انتخابی نشان واپس لینے کو غیر قانونی عمل قرار دے۔
جسٹس شاہد کریم نے الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 29 جنوری تک ملتوی کر دی۔