(ویب ڈیسک) کرکٹر شعیب ملک کی اداکارہ ثنا جاوید کے ساتھ شادی کے بعد ثانیہ مرزا کے اہل خانہ اور ان کی سوشل میڈیا ٹیم کی جانب سے بیانات سامنے آئے تھے لیکن براہ راست ثانیہ نے کوئی پوسٹ نہیں کی تھی تاہم اب ان کا پہلا براہ راست ردعمل سامنے آگیا۔
سابق ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے شعیب ملک سے خلع کی تصدیق کے بعد اپنی پہلی پوسٹ اور تصویر انسٹاگرام پر شیئر کردی جس پر مداحوں نے اپنی پسندیدہ کھلاڑی کے حق میں کمنٹس کیے۔
ثانیہ مرزا نے اپنی تصویر کے ساتھ کیپشن میں صرف ایک لفظ Reflect یعنی عکس لکھا۔ یہ لفظ جو اپنے معنوں میں گہرائی اور وسعت رکھتا ہے ثانیہ کی پوسٹ پر ان کے جذبات کی عکاسی کرتا نظر آتا ہے۔
خوبصورت لباس اور ہلکے پھلکے میک اپ میں ثانیہ مرزا اس تصویر میں خود کو آئینے میں دیکھ رہی ہیں۔ ثانیہ کے چہرے کے تاثرات بہت واضح نہیں وہ اپنے چہرے کو غور سے دیکھ رہی ہیں۔
رات گئے کی گئی اس پوسٹ پر صارفین کا تانتا بندھ گیا اور اکثریت نے ثانیہ مرزا کو باہمت، محترم اور بہادر خاتون قرار دیا۔
خیال رہے کہ ثانیہ مرزا نے شعیب ملک سے کئی ماہ قبل خلع لے لی تھی لیکن اسے ظاہر نہیں کیا تھا تاہم شعیب ملک کی جانب سے اداکارہ ثنا جاوید سے شادی کی تصویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کے بعد ٹینس سٹار کے والد اور بہن نے خلع کی تصدیق کی۔
یاد رہے کہ ملک اور ثانیہ نے گزشتہ سال دبئی میں اپنے بیٹے کی 5 ویں سالگرہ منائی تھی اور جب ثانیہ نے گزشتہ سال آسٹریلین اوپن میں اپنا آخری گرینڈ سلیم میچ کھیلا تھا تو شعیب ملک نے ان کے کیریئر کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے ایک دلی نوٹ بھی لکھا تھا۔
دونوں سپورٹس سٹارز نے گزشتہ سال متحدہ عرب امارات میں ایک ساتھ ایک ٹاک شو کی میزبانی بھی کی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ جب 20 جنوری کو شعیب ملک نے ثنا جاوید کے ساتھ شادی کی تصاویر شیئر کیں تو سب حیران رہ گئے تھے۔