(ویب ڈیسک) پولیس نے بینک ملازم کی سوتیلی بیٹی کے اغوا برائے تاوان کے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ پیسے کی لالچ میں ملزمہ نے اپنی ہی بیٹِی کو پیشہ ور ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغوا کروایا۔ پولیس نے 09 سالہ مغویہ سارہ الیاس کو بحفاظت بازیاب کروالیا ہے۔
پولیس کے مطابق مغویہ مقدمہ مدعی کی سوتیلی بیٹی ہے، سرکاری بینک ملازم پرویز اختر نے سوتیلی بیٹی کے اغوا اور تشدد پر نواں کوٹ پولیس کو اطلاع دی تھی جس پر نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سید علی ناصر رضوی نے مقدمہ کے اندراج اور مغویہ کی بازیابی کے لئے ایس پی اقبال ٹاؤن ڈویژن احمد زونیر چیمہ کو احکامات جاری کئے۔
احمد زونیر چیمہ نے بتایا کہ وقوعہ کے وقت ملزمان گھر والوں کو یرغمال بنا کر رقم اورزیورات کا مطالبہ کرتے رہے، رقم نہ ملنے پر ملزمان نے مدعی مقدمہ کوتشدد کا نشانہ بنایا جبکہ 09 سالہ سوتیلی بیٹی سارہ الیاس کو اغواء کرکے لے گئے، 04 مسلح افراد گھر میں داخل ہوئے اور گھر والوں کو یرغمال بنایا۔
ایس پی اقبال ٹاؤن احمد زونیر چیمہ کے مطابق گروہ کا سرغنہ ریکارڈیافتہ ملزم ہے ، دیگرملزمان میں مقدمہ مدعی کی دوسری بیوی اور اسکی بہن بھی شامل ہیں۔ ملزمان سے 03 پستول و گولیاں،موبائل فون و نقدی برآمد ہوئی ہے۔
احمد زونیر چیمہ کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دوسری بیوی نازیہ بی بی کا رقم، زیورات و دیگر سامان ہتھیانے کا پلان تھا۔ نازیہ بی بی نے اپنی بہن فوزیہ اور ریکارڈیافتہ ملزمان سے ملکر پلاننگ کی۔
پولیس کے مطابق وقوعہ کے وقت مقدمہ مدعی، نازیہ، بہن فوزیہ اور سوتیلی بیٹی سارہ الیاس موجود تھیں، مدعی مقدمہ کے ساتھ نازیہ بی بی کی تیسری شادی تھی۔