(ویب ڈیسک) پریزیڈنٹ ٹرافی فائنل کے انعقاد کا معاملہ تاحال حل نہ ہو سکا ، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایک مرتبہ پھر تاریخ تبدیل کرنے پر غور شروع کردیا۔
پی سی بی کی جانب سے پریزیڈنٹ ٹرافی کے فائنل کا انعقاد کھلاڑیوں کی سندھ پریمیئر لیگ (ایس پی ایل) میں شرکت کی وجہ سے مؤخر کیا گیا تھا جس کے بعد فائنل کیلئے 6 فروری سے 10 فروری کی تاریخوں کا اعلان کیا گیا۔
تاہم 8 فروری کو ملک میں عام انتخابات کے باعث ٹیموں کے اعتراضات سامنے آگئے ہیں جس کے بعد ایک مرتبہ پھر سے فائنل کی تاریخ تبدیل ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔
ملک میں ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی کے بعد پہلی بار پریزیڈنٹ ٹرافی کا انعقاد کیا گیا جس کا پانچ روزہ فائنل واپڈا اور سوئی نادرن کی ٹیموں کے درمیان 27 جنوری کو نیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا تاہم دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ایس پی ایل کھیلنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔
کھلاڑیوں کی خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے پی سی بی نے پریزیڈنٹ ٹرافی کے فائنل کی تاریخ تبدیل کردی اور 6 سے 10 فروری تک فائنل کرانے کا اعلان کیا لیکن 8 فروری کو ملک میں عام انتخابات کے انعقاد کا اعلان ہو گیا، ٹیموں کا اعتراض پھر سامنے آیا جس کے بعد پی سی بی فائنل کی تاریخ پھر سے تبدیل کرنے پر غور کررہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر الیکشن کے بعد فائنل کرایا گیا تو پی ایس ایل کیلئے ٹیموں کی تیاریاں شروع ہوجائیں گی اور فرنچائیز ٹیموں میں شامل کھلاڑی فائنل کھیلنے میں مصروف ہوں گے۔