(لاہور نیوز) بی بی پاک دامن دربار توسیعی منصوبے کو تکمیل کے بعد زائرین کے لیے کھول دیاگیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کابینہ کے ہمراہ دربار بی بی پاکدامن کا دورہ کیا اور توسیعی منصوبہ مکمل ہونے پر دربار کوزائرین کیلئے کھول دیا گیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نئیر علی دادانے بے لوث ہوکربغیرمعاوضہ ڈیزائن بنایا، بی بی پاکدامن دربار کی توسیع میں سب نے بہت تعاون کیا۔
انہوں نے کہا کہ دربار کو ایمپریس روڈ کے ساتھ منسلک کررہے ہیں، ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے تین روز لگاکرایمپریس روڈتک20فٹ سڑک کے حوالے سے بات چیت مکمل کرلی ہے، سات سے 10روزمیں یہ سڑک مکمل ہوجائے گی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ داتادربار احاطے کی بھی توسیع ہورہی ہے،دیکھ کر زائرین کوخوشی ہوگی، کوشش ہے داتا دربار توسیعی منصوبے کا کام بھی مکمل کروا کے جائیں، جوممکن تھاہم نے کرلیا،اب باقی کام جو آئیں گے وہ کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم پیسے بچانے کی پوری کوشش کررہے ہیں، مجھے پوری امید ہے انتظامیہ معاملات کو احسن اندازمیں چلائے گی۔