(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے شہر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کے ہنگامی دورے کیے اور پراجیکٹس پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے سی بی ڈی پنجاب بلیوارڈ، والٹن ریلوے کراسنگ فلائی اوور،میجر محمد اسحاق شہید فلائی اوور اور والٹن روڈ اپ گریڈیشن پراجیکٹس کا تفصیلی دورہ کیا۔
والٹن ریلوے کراسنگ فلائی اوور پراجیکٹ نے سپیڈ پکڑ لی، دونوں اطراف کی 100 فیصد پائلز مکمل ہوگئیں، وزیراعلیٰ نے ریلوے کراسنگ فلائی اوور کو 15 فروری تک ٹریفک کے لئے کھولنے کی ڈیڈ لائن دے دی۔
محسن نقوی نے مین بلیوارڈ اور والٹن روڈ ریلوے کراسنگ فلائی اوورپراجیکٹ پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ نے منصوبے کی جلد تکمیل کے لئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کردی۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے گلبرگ سے والٹن روڈ کو لنک کرنے والی سی بی ڈی روڈ کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ منصوبہ کی تکمیل سے کلمہ چوک تا والٹن روڈ تک رسائی آسان ہو جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے والٹن روڈ اور اے ڈی اے نالہ کی ری ماڈلنگ و اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا بھی معائنہ کیا اور والٹن روڈ کی اپ گریڈیشن کے کام کا مشاہدہ کیا، انہوں نے میجر محمد اسحاق شہید فلائی اوور پراجیکٹ کا بھی دورہ کیا اور فلائی اوور پراجیکٹ کو کم سے کم مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ میجر محمد اسحاق شہید فلائی اوور پراجیکٹ کی تکمیل سے والٹن روڈ پر ٹریفک کی روانی میں ایک بڑی رکاوٹ ختم ہو جائیگی، فلائی اوور کی جگہ پہلے دو پروٹیکٹڈ یوٹرنز بننے تھے جس پر ایک ارب20 کروڑ روپے لاگت آنی تھی۔
انہوں نے کہا کہ سی بی ڈی پنجاب، این ایل سی اور نیسپاک نے فلائی اوور کی منصوبہ بندی کی جس سے 20 کروڑ روپے کی بچت ہوئی ہے، قومی ہیروز اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے اس منصوبے کو قوم کے ایک بہادر سپوت میجر محمد اسحاق شہید کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔
بعدازاں محسن نقوی نے سی بی ڈی پنجاب باب ڈسٹرکٹ منصوبے کا دورہ کیا اور منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ والٹن روڈ اپ گریڈیشن منصوبہ نہایت اہمیت کا حامل ہے، والٹن روڈ پر ٹریفک کے مسائل حل ہوجائیں گے، اس منصوبے سے سیوریج کا مسئلہ حل ہوگا۔