(لاہور نیوز) پنجاب میں الیکشن ایکٹ کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مختلف اضلاع کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسروں نے کارروائیوں میں متعدد امیدواروں کو نوٹس اور وارننگ جاری کیں۔
صوبائی الیکشن کمیشن کی ہدایت پر ضلعی مانیٹرنگ افسروں نے این اے 153 ملتان میں امیدوار حامد علی بھٹی، این اے 66 وزیرآباد میں امیدوار احمد چٹھہ کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کئے۔
پی پی 133 ننکانہ صاحب میں امیدوار نوشیر مان کو وال چاکنگ کرانے اور این اے 75 نارووال سے امیدوار دانیال عزیز کو بھی دیواروں پر پوسٹر آویزاں کرنے پر نوٹس جاری ہوئے۔
الیکشن کمیشن کی ہدایت پر ننکانہ صاحب میں انتخابی امیدواروں کو پینا فلیکس اور بل بورڈز آویزاں کرنے پر وارننگ جاری کی گئی۔
امیدواروں نے جہلم، راولپنڈی، اسلام آباد، سرگودھا اور بھکر سے پینا فلیکس اور دیگر تشہیری مواد ہٹا دیا۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان کا کہنا تھا کہ چنیوٹ، فیصل آباد ، قصور، لاہور اور ملتان سے بھی پینا فلیکس ہورڈنگزاتروا دیئے گئے ہیں، ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔