(لاہور نیوز) واسا بجلی کے بلوں کی مد میں چار ارب روپے کا نادہندہ نکلا۔
واسا کا پانی کے بلوں کے ڈیفالٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن لیکن خود لیسکو کو بل ادا نہ کئے۔ واسا بجلی کے بلوں کی مد میں چار ارب روپے کا نادہندہ ہے۔ واسا نے لیسکو کے بلوں اور یونٹس پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا۔ واسا کا مؤقف ہے کہ یونٹس کم خرچ کئے لیکن بل زیادہ بھیجا گیا۔
دوسری جانب واسا کی معاشی صورتحال بھی گھمبیر ہو گئی۔ بجلی کے بلوں کی ادائیگی درد سر بن گئی۔ لیسکو حکام نے واسا انتظامیہ کو رقم جمع کروانے کے حتمی نوٹس جاری کر دئیے۔
گزشتہ روز بجلی کے بل ادا نہ کرنے پر واسا کی 100 املاک کے کنکشن منقطع کئے گئے تھے۔ بجلی کے کنکشنز منقطع ہونے سے لاہوریوں کو پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑا۔ واسا کے خزانے میں فنڈز کی عدم موجودگی کے سبب بل ادا نہیں ہو پا رہے۔
واسا انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لیسکو کے واجبات کلیئر کرنے سے متعلق ادارے کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ واجب الادا رقم پر کچھ تحفظات ہیں جو دور ہونے پر واجبات کلیئر کر دیں گے۔