(لاہور نیوز) شاہدرہ فلائی اوور کی تعمیر کے بعد پنجاب حکومت نے شاہدرہ میٹرو سٹیشن کو ماڈل سٹیشن ڈکلیئر کر دیا۔
شاہدرہ ملٹی لیول گریڈ سیپریشن پراجیکٹ کی تعمیر میں سرکاری املاک کا شدید نقصان ہوا، پائلنگ اور فلائی اوور کا ریمپ بنانے کے لیے شاہدرہ میٹرو سٹیشن جزوی مسمار کیا گیا، حکام نے مسمار کی گئیں املاک کی تعمیر نو کا منصوبہ بنالیا۔
پنجاب حکومت نے میٹرو بس کے شاہدرہ سٹیشن کو ماڈل قرار دیتے ہوئے سٹیشن کی تعمیر نو کی ذمہ داری ایل ڈی اے کے سپرد کردی جس پر 14 کروڑ 34 لاکھ 39 ہزار روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، میٹرو سٹیشن کی تعمیر کا کام 15 مارچ تک مکمل کرنے کی ڈیڈلائن دی گئی ہے۔
میٹرو بس کے شاہدرہ سٹیشن پر کھدائی کے بعد مٹی کے پہاڑ بن چکے ہیں جبکہ شاہدرہ بس سٹاپ سے چھ سو میٹرتک جنگلے بھی گرادئیے گئے تھے جن کی مرمت اور بحالی کے اخراجات اب پنجاب حکومت برداشت کرے گی۔