(لاہور نیوز) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 128 لاہور سے استحکام پاکستان پارٹی اور مسلم لیگ ن کے مشترکہ امیدوار عون چودھری نے کہا ہے کہ اس حلقہ سے سیٹ جیت کر میاں نوازشریف کو تحفے میں دوں گا۔
رہنما استحکام پاکستان پارٹی عون چودھری کا کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میاں نواز شریف كے اعتماد پر ان کا شكر گزار ہوں، ن لیگ پچھلے 10 سال سے این اے 128 كی سیٹ ہار رہی ہے، میں یہ سیٹ جیت كر میاں نواز شریف كو تحفے میں دوں گا۔
عون چودھری نے کہا کہ 2018 سے 2022 تک پاكستان كے ساتھ جو ہوا وہ بڑا شرمناک تھا، میں نے سابقہ جماعت كے ساتھ 10 سے 12 سال دن رات محنت سے كام كیا، اس مقصد كے لیے كام كیا كہ شاید یہ پاكستان كی ترقی كیلئے جدوجہد ہو رہی ہے، لیكن تكلیف اس وقت ہوئی جب پتا چلا یہ تو اپنی ذات كیلئے جدوجہد ہو رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں جب لاہور آتا تھا تو بڑا خوش ہوتا میرا شہر كتنی ترقی كر گیا ہے، لاہور شہر كی ترقی كی صرف ایک یہی وجہ تھی كہ یہاں کی لیڈر شپ میاں نواز شریف اور شہباز شریف كے پاس تھی، میاں شہباز شریف كے ویژن كی وجہ سے لاہور شہر نے ترقی كی، ہمیں فخر ہے ہم لاہور كے رہائشی ہیں۔