محسن نقوی کی قربان لائنز اپارٹمنٹس کو 31 جنوری سے قبل مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے قربان لائنز میں پولیس ملازمین کیلئے اپارٹمنٹس کے تین فلورز 31 جنوری تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی۔
کئی برس سے زیر التواء ایک اورمنصوبہ تکمیل کے قریب پہنچ گیا،قربان لائنز میں پولیس کی رہائشگاہوں کی تعمیر کا کام تیز کردیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے قربان لائنز کا دورہ کیا،وزیراعلیٰ نے پولیس ملازمین کیلئے زیر تعمیر اپارٹمنٹس کا معائنہ کیا، جاری کاموں کا جائزہ لیا اور تعمیراتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔
محسن نقوی نے سائٹ پر کام کرنے والے مزدوروں سے ملاقات کی،مصافحہ کیا اور رات گئے کام کرنے پر شاباش دی، وزیراعلیٰ نے تینوں فلورز پر جاری بجلی و لکڑی کے کام کا مشاہدہ کیا اور ٹائلز کی تنصیب کے کام کو معیار کے ساتھ مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ تعمیراتی کاموں کو اعلیٰ معیار کے ساتھ جلد از جلد مکمل کیا جائے، انہوں نے اپارٹمنٹس کے سامنے خالی اراضی پر لان اور پودے لگانے کی بھی ہدایت کی۔
سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے اپارٹمنٹس کی تکمیل کے بارے میں وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ قربان لائنز میں پولیس کیلئے 6منزلہ عمارت میں 24 اپارٹمنٹس بنائے جارہے ہیں، اپارٹمنٹس میں دو لفٹس بھی لگائی جائیں گی۔
انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور،ڈی آئی جی ٹیلی کمیونی کیشن،ایڈیشنل آئی جی ڈویلپمنٹ اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔