(لاہور نیوز) محکمہ موسمیات نے رواں برس سردیوں کا دورانیہ طویل ہونے کی پیشگوئی کردی۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں سردی کی لہر برقرار ہے، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 5 جبکہ زیادہ سے زیادہ 17 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
آلودگی کے اعتبار سے لاہور کا آج بھی دنیا میں تیسرا نمبر ہے، شہر میں سموگ کی اوسط شرح 199ریکارڈ کی گئی جبکہ شہر میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور ہوا کی رفتار پانچ کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ شہر میں آئندہ تین روز تک بارش برسنے کا کوئی امکان نہیں، اس سال سردیوں کا دورانیہ گزشتہ سال کی نسبت طویل ریکارڈ کیا جائے گا، جب تک سورج کی شعائیں زمین پر نہیں آئیں گی سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔
دوسری جانب سردی کی شدت میں اضافے کے باعث موسمی امراض زکام، خشک کھانسی ،نزلہ جیسی بیماریاں تیزی سے پھیلنے لگی ہیں۔