(ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹر روی ایشون بھی سابق لیجنڈری پاکستانی سٹار جاوید میانداد کی مہارت کے مداح نکلے ۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر ایک صارف نے روی ایشون کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ جاوید میانداد سپین کھیلنے کے ماہر تھے، آج کے بلے بازوں میں انکی آدھی مہارت بھی نہیں ہے۔
جس پر بھارتی آف سپنر روی ایشون نے جواب دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ میں آپ کے نکتہ نظر سے بالکل متفق ہوں، وہ ایک شاندار کرکٹر تھے تاہم اس دور میں جو چیز مشکل کا سبب بنتی ہے وہ (ڈی آر ایس) ہے لیکن میں سمجھتا ہوں وہ بالر کیخلاف یہ جنگ جیت جاتے۔
واضح رہے کہ جاوید میانداد کا بھارت کے خلاف ون ڈے میچوں میں شاندار ریکارڈ ہے، انہوں نے روایتی حریف کیخلاف 35 مقابلے کھیلے جس میں 1 ہزار 175 رنز بنائے۔ عظیم کرکٹر کی اوسط بھارت کیخلاف 51.08 جبکہ سٹرائیک ریٹ 72.44 کا تھا، جس میں 6 نصف سنچریاں اور 3 سنچریاں شامل تھیں۔