الیکشن 8 فروری کو ہی ہونگے، چاہے او آئی سی بھی قرارداد منظور کر لے ، بلاول بھٹو
(لاہور نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ چاہے او آئی سی بھی قرارداد منظور کیوں نہ کر لے الیکشن 8 فروری کو ہی ہوں گے۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہو رہی ہے کہ لاہور میں آپ سے ملاقات ہو رہی ہے، ہم کافی دنوں سے گھوم رہے ہیں، لاہور میں جتنا کام کرنے کی ضرورت ہے اتنا پورے پاکستان میں کرنے کی ضرورت نہیں، یہاں عوام کے مسائل کی طرف توجہ نہیں ہوتی اشرافیہ کی طرف توجہ ہوتی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم مہنگائی اور غربت کا مسئلہ حل کریں گے، اس الیکشن میں سلیکشن کا مقابلہ کریں گے، الیکشن ہر صورت میں 8 فروری کو ہوں گے، چیف جسٹس پاکستان نے کہا پتھر پر لکیر ہے 8 فروری کو الیکشن ہوں گے۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ پیپلزپارٹی برابری کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، ہم ملک میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے حامی ہیں، پیپلزپارٹی ہر طبقے کی نمائندہ جماعت ہے، لاہور کے شہریوں کے مسائل سے آگاہ ہوں، لاہور میں ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگ آباد ہیں، پیپلزپارٹی کو ہر الیکشن میں مشکلات کا سامنا رہا ہے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی سمجھتی ہے لاہور ہمارا ہے، یہیں سے سفر شروع کر رہا ہوں، شہباز شریف لاہور میں پی پی کے این ایف سی ایوارڈ کی وجہ سے کام کر سکے، انہوں نے عوام کو نمائندگی نہیں دی، دوسری جماعتیں وعدے کر کے حکومت میں آ کر کچھ نہیں کرتیں۔