(لاہور نیوز) پاکستان اور سپین میں کرکٹ کے فروغ کے لیے بڑا قدم، کتلان سپین اور پاکستانی کلب کے درمیان ایم او یو پر دستخط ہو گئے۔
ڈی ایچ اے لاہور میں غنی انسٹیٹیوٹ آف کرکٹ پاکستان اور کتلان کرکٹ فیڈریشن کے درمیان ایم او یو پر دستخط کی تقریب منعقد کی گئی۔تقریب میں کتلان کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین چودھری امانت حسین، ممبر سلمان گوندل، سی ای او غنی انسٹیٹیوٹ ، کرکٹر سلمان بٹ اور کلب انتظامیہ نے شرکت کی۔
ایم او یو کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کرکٹر سلمان بٹ نے کہا کہ یورپ میں موجود پاکستانی اور مجموعی طور پر سپین میں کرکٹ کے شوقین افراد کو معاہدے سے فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سپین کے کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کے ممالک میں کھیلنے اور کوچز سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔
اس موقع پر کتلان کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین چودھری امانت مہر نے کہا کہ فٹ بال کے بعد کرکٹ سپین میں مقبول کھیل ہے، کتلان کرکٹ فیڈریشن میں 12 سو سے زائد کھلاڑی رجسٹرڈ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ سپین سے کھلاڑی بھی پی ایس ایل جیسی لیگز کا حصہ بنیں، معاہدے سے جلد سپین کے کھلاڑی پاکستان آکر کلب میچز کھیلیں گے۔