(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ بابراعظم کا برا وقت چل رہا ہے، ہمیں انہیں سپورٹ کرنا چاہیے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان اظہرعلی کا کہنا تھا کہ دورہ آسٹریلیا میں پاکستانی ٹیم نے مثبت اپروچ کے ساتھ کھیلا ہے، شان مسعود نے اچھی کپتانی کی جبکہ بابراعظم کا برا وقت چل رہا ہے ، ہمیں چاہیے انہیں بیک کریں۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی اب تک کی پرفارمنس اچھی رہی ہے، میلبرن میں پاکستان نے20آؤٹ کیے جو خوش آئند ہے، شان مسعود کی کپتانی نے متاثر کیا ہے۔
اظہر علی کا کہنا تھا کہ اس وقت سابق کپتان بابر کو بیک کرنا چاہیے ، اس نے پہلے بھی رنز کیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس سڈنی ٹیسٹ جیتنے کا چانس ہے، عامر جمال نے پہلی اننگ میں بہت اچھی بیٹنگ کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے فرسٹ کلاس میں 50 سنچریاں کرنے کی خوشی ہے، کرکٹ سے محبت ہے ڈیپارٹمنٹ نے بہت کچھ دیا اب واپس کرنے کا وقت ہے۔
یاد رہے کہ اظہرعلی فرسٹ کلاس کرکٹ میں 50 سنچریاں سکور کرنے والے پاکستان کے 9ویں کھلاڑی بن گئے ہیں۔