(ویب ڈیسک) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق حسین بگٹی نے بریگیڈیئر (ر) مسرت اللہ خان کو اپنا مشیر مقرر کردیا۔
صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن میر طارق حسین بگٹی نے بریگیڈیئر (ر) مسرت اللہ خان کو اپنا مشیر تعینات کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ مسرت اللہ خان سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔
میر طارق حسین بگٹی نے مسرت اللہ خان کی پاکستان ہاکی کے معاملات میں بصیرت اور سپورٹس انفراسٹرکچر مینجمنٹ میں وسیع تجربہ اور اہلیت کی بنیاد پر تقرری کی ہے۔
صدر پی ایچ ایف میر طارق حسین بگٹی نے کہا ہے کہ بریگیڈیئر (ر) مسرت اللہ خان کے تجربات اور انکی پیشہ ورانہ خدمات سے پاکستان ہاکی میں جدت اور پروفیشنل کھیل کا رجحان متعارف کرائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کارپوریٹ سیکٹر کو قومی کھیل کی طرف مائل کرنے کے لئے سٹریٹجک پلاننگ کی ضرورت ہے جس کے لئے بہترین پیشہ ورانہ خدمات کے بارے میں بھی غوروخوض کیا جارہا ہے۔