سندھ کے عوام پنجاب کی طرح ترقی چاہتے ہیں تو ن لیگ کو آزما کر دیکھیں: احسن اقبال
(لاہور نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ سندھ کے عوام پنجاب کی طرح ترقی چاہتے ہیں تو ن لیگ کو آزما کر دیکھیں۔
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ اپریل 2022ء میں مختلف حکومتوں نے مل کر حکومت بنائی تھی، سیاسی اختلافات کے باوجود سب جماعتیں ڈیفالٹ سے بچانے کے لئے اکٹھی ہوئی تھیں، سولہ ماہ کی محنت سے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہر جماعت اپنے منشور کو لیکر میدان میں اترے گی، سندھ کی عوام کو منی بیک گارنٹی کی آفر دیتا ہوں، اگر سندھ کے عوام کو خدمت کا ریکارڈ نہ ملا تو پھر مجرم ہوں گے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پارٹی ورکرز ہمارا اثاثہ ہیں، بلاول بھٹو سے متعلق سوال پر احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے دامن میں کارکردگی کا ریکارڈ ہے، ہمیں منفی سیاست کی ضرورت نہیں، منفی سیاست وہی کرتا ہے جس کے پاس کوئی کارکردگی نہ ہو۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کراچی سے پشاور تک کوئی منصوبہ پیش نہیں کر سکتے، چور، ڈاکو کہہ کر لوگوں کی پگڑیاں اچھالی گئیں، ہم نے پاکستان میں اتنا کچھ کیا ہم گھنٹوں بول سکتے ہیں، کسی کی پگڑی اچھالنے کی ضرورت نہیں ہے، ہماری ایم کیو ایم ، جے یو آئی، جی ڈی اے کے ساتھ بھی بات چیت جاری ہے، جس کے پاس بہتر امیدوار ہو گا اس کی سب حمایت کریں گے۔
ن لیگ کے سینئر رہنما نے کہا کہ ہم انتخابی ایڈجسٹمنٹ سیٹ ہارنے کے لئے نہیں کر سکتے، یہ کوٹہ سسٹم نہیں ہے، الیکشن ایک ریس ہے وہی امیدوار اتارے جاتے ہیں جن سے جیت کی امید ہو، الیکشن میں مرکزی قیادت سے ایک امیدوار کراچی سے ضرور ہو گا، دھوکہ کرنے والوں کی الیکشن میں ضمانتیں ضبط ہوں گی۔
احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی 2024ء کے انتخاب میں اپنی اصلی جگہ پر آ جائے گی، بانی پی ٹی آئی نے گزشتہ چار سالوں میں نوجوانوں کو دھکے، بے روزگاری دی۔